اسلام آباد (20 فروری 2026): سنی اتحاد کونسل کے رہنما صاحبزادہ حامد رضا کے ایکس اکاؤنٹ سے اہلخانہ کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ نے بحث چھیڑ دی۔
صاحبزادہ حامد رضا کے ایکس اکاؤنٹ سے اہلخانہ نے لکھا کہ ان سے جیل میں کل ملاقات کا دن ہے، کیا ان کے اتحادیوں میں سے کوئی رہنما ملاقات کرے گا؟
اہلخانہ نے لکھا کہ صاحبزادہ حامد رضا کو جیل میں 111 دن سے زائد ہو چکے ہیں، کیا کسی کی ان سے ملاقات کا فوٹو ہو تو ضرور شیئر کریں۔
خواجہ آصف
اس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے ردعمل دیتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ آپ کے والد مرحوم کے ساتھ نیاز مندی تھی لمبا عرصہ سیاسی رفاقت بھی رہی، پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں کلٹ ہے، اس میں سیاسی سوچ و سیاسی رفاقت کا کوئی تصور نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صاحبزادہ حامد رضا اہم عہدے سے مستعفی
خواجہ آصف نے لکھا کہ پی ٹی آئی میں اس وقت آدھے درجن گروپ ہیں، عمران خان کے سوا ہر لیڈر کوگالیاں پڑ چکی ہیں اور پڑتی رہیں گی، بانی پی ٹی آئی کے مفادات کی قربان گاہ پر ورکر اور رہنما ملک کا مفادسب بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خان کی ہمشیرہ اور پارٹی لیڈرشپ میں مفادات کی جنگ ہو تو سب قربان، وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی اپنی وزارت بچانے کیلیے رہائی فورس لانچ کر کے وفاداری کا یقین دلا رہے ہیں جبکہ وکلا کے گروہ کا سارا سیاسی وجود عمران خان کی معرفت اور مرہون منت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کا سیاسی وجود عمران خان کے مرہون منت ہے وہ کیمرے پر مارکیٹ ویلیو بنا رہے ہیں، ان سب میں قدر مشترک ہے کہ چاہتے ہیں عمران خان اندر رہے اور ان کی دکانیں کھلی رہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک
دوسری جانب، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے صاحبزادہ حامد رضا کے اہلخانہ کی ٹوئٹ پر ردعمل میں لکھا کہ پی ٹی آئی عملاً ایک ہی شخصیت کے گرد محدود دکھائی دیتی ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے لکھا کہ کئی ماہ سے جیل میں موجود پی ٹی آئی کے اتحادی جنہوں نے پوری جماعت حوالے کی پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے ان کے حق میں کوئی مؤثر آواز بلند نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ طرزِ عمل واضح کرتا ہے کہ جماعت کی توجہ صرف ایک فرد تک محدود ہے۔
حنا پرویز بٹ
(ن) لیگی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے بھی ردعمل میں لکھا کہ صاحبزادہ حامد رضا کو جیل میں 111 دن سے زیادہ ہو چکے ہیں، کیا کوئی پارٹی رہنما ان سے ملنے کیلیے گیا، بالکل نہیں۔
حنا پرویز بٹ نے مزید لکھا کہ یہ پارٹی احسان فراموش اور صرف عمران خان کی ذات کے گرد ہی گھومتی ہے، پوری زندگی بھی پی ٹی آئی کو دے دیں آخر میں ٹشو پیپر کی طرح ٹوکری میں پھینک دیا جائے گا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/5bTqHmG