ٹرمپ، شی جن پنگ ملاقات : امریکا چین تعلقات میں آگے کیا ہوگا؟

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ایران، تائیوان، تجارت اور امریکا چین تعلقات سمیت اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دوطرفہ تجارت، مصنوعی ذہانت، تائیوان اور دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک مقابلے سمیت اہم امور زیر بحث آئے اور سرکاری سطح پر تعلقات میں تعاون کی بات کے ساتھ کئی بنیادی اختلافات بھی نمایاں رہے۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات سے سامنے آنے والے پانچ اہم نکات یہ ہیں:

1 : تجارتی معاہدہ فی الحال برقرار
امریکا اور چین نے گزشتہ تجارتی جنگ کے بعد طے پانے والے تجارتی معاہدے میں مزید 2 ماہ کی توسیع پر اتفاق کیا گیا ہے، امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق اس توسیع کا مقصد دونوں ممالک کو معاشی معاملات پر مزید بات چیت کے لیے وقت فراہم کرنا ہے۔

Trump Xi meet

تاہم توسیع کے باوجود ٹیرف، چین کی جانب سے امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری، نایاب معدنیات کی فراہمی اور ٹیکنالوجی پر پابندیوں جیسے اہم معاملات ابھی حتمی طور پر طے نہیں ہوئے۔

امریکی حکام کے مطابق چین نے سابقہ معاہدے کے تحت 2 کروڑ 50 لاکھ ٹن سویا بین خریدنے کی شرط پوری کی ہے، تاہم دیگر زرعی مصنوعات کی 17 ارب ڈالر کی خریداری کے ہدف میں کمی رہی۔ نایاب معدنیات کی ترسیل بھی توقعات کے مطابق نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

2 : شی جن پنگ کے استقبال میں ٹرمپ کا خصوصی انداز
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی صدر کے دورہ امریکا میں سفارتی ملاقاتوں کے ساتھ شاندار تقریبات بھی توجہ کا مرکز رہیں۔ چین میں ٹرمپ کے استقبال کے بعد امریکی صدر نے بھی شی جن پنگ کے لیے واشنگٹن میں خصوصی اہتمام کیا۔

وائٹ ہاؤس میں فوجی دستوں نے روایتی وِگ اور تین کونوں والی ٹوپیاں پہن کر مارچ کیا، جبکہ روز گارڈن کو ایسے انداز میں سجایا گیا جو ٹرمپ کے گالف کلب کی طرز سے مشابہ تھا۔

تقریبات کے دوران جنگی طیاروں اور بمبار طیاروں نے بھی پروازیں کیں۔ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شی جن پنگ کو ’’اچھا گرینائٹ‘‘ پسند ہے اور ملاقات بہت اچھی رہی۔

3 : تائیوان پر چین کا امریکا سے محتاط رویہ اپنانے کا مطالبہ
چینی صدر نے ملاقات کے دوران تائیوان کے معاملے پر بھی امریکی صدر سے محتاط طرز عمل اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ امریکا کو ’’تائیوان کے سوال پر احتیاط سے کام لینا چاہیے‘‘ اور تائیوان کی آزادی کی مخالفت کرنی چاہیے۔

امریکا طویل عرصے سے تائیوان کی آزادی کی حمایت نہ کرنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے، تاہم واشنگٹن کی جانب سے تائیوان کی آزادی کی باقاعدہ مخالفت کے الفاظ استعمال کرنے کی کوئی فوری علامت سامنے نہیں آئی۔

تائیوان کا معاملہ امریکا اور چین کے درمیان سب سے حساس تزویراتی معاملات میں شمار ہوتا ہے اور امریکی پالیسی میں کسی بڑی تبدیلی کے علاقائی اور داخلی سیاسی اثرات بھی ہوسکتے ہیں۔

4 : امریکا، چین تصادم کا خطرہ پھر زیر بحث
شی جن پنگ نے ملاقات میں ایک مرتبہ پھر ’’تھیوسیڈائڈز ٹریپ‘‘ کا حوالہ دیا۔ یہ تصور اس خدشے کی وضاحت کرتا ہے کہ ایک ابھرتی ہوئی طاقت اور پہلے سے طاقتور ملک کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت جنگ کا سبب بن سکتی ہے۔

چینی صدر نے تاہم کہا کہ اس خطرے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے امریکا اور چین کے درمیان تعاون کو فروغ دینے، فوجی رابطوں کو باقاعدہ بنانے اور ممکنہ بحرانوں سے بچاؤ کے لیے طریقہ کار مضبوط کرنے پر زور دیا۔

ٹرمپ نے بھی دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات پر تعاون کی گنجائش پر بات کی اور دوسری عالمی جنگ کے دوران جاپان کے خلاف امریکا اور چین کے تاریخی تعاون کا حوالہ دیا۔

5 : مصنوعی ذہانت پر دونوں رہنماؤں کے مؤقف مختلف
ملاقات میں مصنوعی ذہانت بھی اہم موضوع رہی، تاہم اس شعبے میں دونوں ممالک کے نقطہ نظر میں فرق سامنے آیا۔

ٹرمپ نے اے آئی کے حوالے سے نئے ضوابط عائد کرنے کے بجائے موجودہ طریقہ کار برقرار رکھنے کی حمایت کی اور کہا کہ وہ اس معاملے کو موجودہ صورتحال پر ہی چھوڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین کا مؤقف بھی اسی نوعیت کا ہے۔

دوسری جانب شی جن پنگ نے کہا ہے کہ امریکا اور چین اے آئی کے شعبے میں دنیا کے سرکردہ ممالک ہونے کے باعث اس ٹیکنالوجی کی ترقی اور انتظام دونوں کی ذمہ داری رکھتے ہیں۔

چینی صدر کے مطابق مصنوعی ذہانت کی ترقی انسانی نگرانی میں ہونی چاہیے اور اس کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہونا چاہیے۔

یوں ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات میں تجارتی کشیدگی کو عارضی طور پر کم کرنے کی کوششوں کے ساتھ تائیوان، فوجی تصادم کے خدشات اور مصنوعی ذہانت جیسے حساس معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والے بنیادی اختلافات بھی نمایاں ہوئے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/6PGOwBE

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad