پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 14 کرکٹرز کو لیگز کے لیے این او سی جاری کردیے ہیں۔
پی سی بی نے 2026 گلوبل سپر لیگ (جی ایس ایل) کے لیے محمد حارث، شہاب خان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، فرحان یوسف، شامل حسین، مہران ممتاز، عثمان خان، علی شبیر، محمد فاروق، محمد عمران، محمد باسط اور خلیل احمد کو این او سیز جاری کیے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچز 23 جولائی سے یکم اگست تک گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پانچ ٹیموں پر مشتمل اس مقابلے میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کی چیمپئن لاہور قلندرز کے ساتھ آسٹریلیا کی پرتھ اسکارچرز، متحدہ عرب امارات کی ڈیزرٹ وائپرز، امریکا کی سان فرانسسکو یونیکورنز اور کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کی ٹیم گیانا ایمیزون وارئیرز شامل ہوں گی۔
یہ پڑھیں: لیگز نے پاکستان کی کرکٹ کو تباہ کردیا، عاقب جاوید
لاہور قلندرز 23 جولائی کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی جس کے بعد 24 جولائی کو اس کا مقابلہ ڈیزرٹ وائپرز سے ہوگا۔ پھر وہ 26 جولائی کو گیانا ایمیزون وارئیرز سے ٹکرائے گی اور 29 جولائی کو سان فرانسسکو یونیکورنز کے خلاف کھیل کر اپنا لیگ مرحلہ مکمل کرے گی۔
گلوبل سپر لیگ کے لیے این او سی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں سے عبداللہ شفیق، محمد نعیم اور محمد فاروق تین بار کی پی ایس ایل چیمپئن کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں۔
علاوہ ازیں معاذ صداقت کو 2026 کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں شرکت کے لیے این او سی جاری کر دیا گیا ہے جو 7 اگست سے 20 ستمبر تک ویسٹ انڈیز میں کھیلی جائے گی۔
سی پی ایل کے آئندہ سیزن میں پہلی بار سات ٹیمیں شامل ہوں گی جن میں اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز، بارباڈوس رائلز، جمیکا کنگزمین، گیانا ایمیزون وارئیرز، سینٹ لوشیا کنگز، سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس اور دفاعی چیمپئن ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/El1Pxbf