اسلام آباد : موٹروے پولیس نے جانوروں کی گاڑیوں میں مسافروں کی غیر محفوظ ترسیل پر تمام ڈرائیوروں کو خصوصی وارننگ جاری کی ہے۔
این ایچ ایم پی نے ڈرائیوروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے جانوروں کی گاڑیوں میں مسافروں کو بٹھانا قانونی طور پر جرم قرار دیا ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ جانوروں کی ترسیل میں استعمال کی جانے والی گاڑیوں میں سواریوں کو بٹھانے سے گریز کریں، جانوروں کی ترسیل کیلیے متبادل راستوں کا استعمال کیا جائے۔

موٹروے پولیس کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کی گاڑیوں کے ذریعے مسافروں کی نقل و حرکت نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے قیمتی انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
این ایچ ایم پی نے ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین اور حفاظتی اصولوں کی مکمل پابندی کریں اور کسی بھی قسم کی اوور لوڈنگ یا غیر قانونی سواری سے اجتناب برتیں، ٹریفک اور لوڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر متعلقہ ڈرائیور کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اپنانے سے قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے اور شاہراہوں پر حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

این ایچ ایم پی نے واضح کیا کہ جانوروں کی ترسیل کیلئے صرف کمرشل یا تجارتی گاڑیوں کا استعمال کیا جائے اور ان گاڑیوں میں اضافی سواریوں کو بٹھانے سے مکمل اجتناب برتا جائے۔
موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے قوانین پر عمل کریں اور کسی بھی غیر قانونی یا خطرناک عمل سے گریز کریں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی حادثات سے بچاؤ اور محفوظ شاہراہوں کی ضمانت ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/RjW5gNu