کے فور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلیے اہم فیصلہ

کراچی (3 مارچ 2026): کراچی واٹر سیوریج سروسز امپرومنٹ پروجیکٹ کے تحت نیپا کے مقام پر جاری کے فور پائپ لائن منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلیے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جس کے تحت اب روزانہ دو بڑے پائپ بچھانے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے بیان میں بتایا گیا کہ کے فور منصوبے کے تحت پائپ لائن بچھانے کا کام بی آر ٹی ریڈ لائن کے ساتھ مشترکہ 2.7 کلومیٹر طویل کوریڈور میں جاری ہے جہاں تکنیکی اور حفاظتی پیچیدگیوں کے باوجود منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارہ اس امر سے بخوبی آگاہ ہے کہ جاری کھدائی کے باعث مقامی آبادی، دکانداروں، مسافروں اور بالخصوص طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم منصوبے کی بروقت تکمیل کیلیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کے فور کی تاخیر کا الزام کسی کو نہیں خود کو دے دیتا ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ

ترجمان کے مطابق منصوبے کے تحت 6 میٹر گہری کھدائی ایسے علاقے میں کی جا رہی ہے جہاں بی آر ٹی کی تعمیرات کے ساتھ ساتھ زیرِ زمین پانی و سیوریج لائنیں، گیس کی پریشر لائنیں اور کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن کیبلز بھی موجود ہیں جس کے باعث بعض مقامات پر صرف پانچ فٹ تک جگہ دستیاب تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اس پیچیدہ صورتحال میں عوام اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے جدید کھدائی طریقہ کار اختیار کیا گیا، نومبر کے دوران دو مختلف یوٹیلیٹی نقصانات کے باعث کام عارضی طور پر متاثر ہوا تاہم ٹیم نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے اب تک مجموعی طور پر 36 پائپ بچھانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

سی ای او احمد علی صدیقی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے منصوبے پر خصوصی توجہ اور حالیہ دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے فور منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ کے فور منصوبہ سندھ حکومت اور واٹر کارپوریشن کا ایک اہم انفراسٹرکچر منصوبہ ہے جس کے تحت کراچی کو 260 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی فراہم کیا جائے گا۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق منصوبے کی روزانہ پیشرفت سے عوام کو آگاہ رکھنے کیلیے ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر باقاعدہ اپ ڈیٹس جاری کی جا رہی ہیں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/0wH3sl5
Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad