لاہور (11 دسمبر 2025): اچھرہ جیولری مارکیٹ میں دکان سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا مبینہ طور پر چوری کر لیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ سونا غائب ہونے سے متعلق ایک درخواست موصول ہوئی ہے جس میں متعدد دکانداروں نے گولڈ بطور امانت ایک دکاندار کے پاس رکھوایا تھا لیکن وہ دکاندار کئی روز سے غائب ہے۔
پولیس نے شیخ وسیم اختر نامی تاجر و دکاندار کی مبینہ طور پر سونا لے جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی جس میں اسے شاپر بیگ اٹھائے پلازے سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بڑی مقدار میں سونا چوری
ایک متاثرہ دکاندار نے بتایا کہ شیخ وسیم نامی تاجر 4 دسمبر سے دکان کو تالے لگا کر غائب ہے۔
رواں سال جون میں کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں 48 گھنٹوں کے دوران 2 گھروں میں سونا چوری ہونے کی وارداتیں رپورٹ ہوئی تھیں جن میں ملزمان 50 تولہ سونا اور 21 لاکھ سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
وارداتوں کے مقدمات ملیر میمن گوٹھ تھانے میں درج کیے گئے جن کے مطابق ایک واردات بلوچ محلے اور دوسری قاضی محلہ میں ہوئی، 8 ڈاکوؤں نے بلوچ محلہ میں زبیر نامی شہری کے گھر لوٹ مار کی جہاں سے 50 تولہ سے زائد سونا اور 21 لاکھ سے زائد رقم لوٹی گئی۔
مبینہ طور پر 8 ڈاکو رات گئے گھر میں داخل ہوئے اور خاتون خانہ کو یرغمال بنایا، اہلخانہ کو باندھ کر ڈاکو سونا، نقدی اور موبائل فون لوٹ لے گئے۔
دوسری واردات میں 21 جون کی رات 6 ڈاکو شہری ہارون کے گھر میں گھسے، ڈاکو اہلخانہ کو باندھ کر 6 موبائل فون، نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Fivrx61