اسلام آباد: وفاقی حکومت نے برآمدات کے فروغ کے لیے اہم فیصلہ کرلیا۔
فنانس ایکٹ سیکشن 11 میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق برآمدی اشیا پر ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج لیوی ختم کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج کے لیے جمع کسٹمز ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ایس آر او 2335 جاری کیا گیا ہے، ڈیوٹی فنانس ایکٹ 1991 میں عائد کی گئی تھی جسے ختم کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد کنندگان نے وزیراعظم سے ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش کی تھی۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدات کے فروغ کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کی ہدایت دے تھی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے پچھلے پانچ سال کے پروگرامز اور اسکیمز کا عالمی معیار کے مطابق تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے تاکہ فنڈ کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی تھی کہ اس رقم کو صرف ملکی برآمدات بڑھانے، متعلقہ ریسرچ و ڈویلپمنٹ، برآمدی شعبے کے افرادی قوت کی تربیت اور عالمی معیار کی سہولتوں کے قیام کے لیے استعمال کیا جائے۔
شہباز شریف نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے کردار کا اصلاحاتی جائزہ لینے اور اسے تشکیل نو کرنے کی بھی ہدایت کی تھی اور واضح کیا تھا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا غیر متعلقہ یا غیر منطقی استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی برآمدات کی تشہیر وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے اور صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Oi0z1ro