آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 2026 کے اوائل میں وائٹ بال سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی جو دو مرحلوں میں کھیلی جائے گی۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلے مرحلے میں تین میچوں کی ٹی 20 سیریز 30 جنوری سے 5 فروری تک ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل کھیلی جائے گی۔
ورلڈ کپ کے بعد 13 سے 19 مارچ تک تین میچوں کی ون ڈے سیریز شیڈول ہے۔
امکان ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی وینیوز اور تفصیلی شیڈول کا اعلان کرے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ پاکستان کا اچھا دورہ ہوگا، پاکستان کے خلاف سیریز ہمارے شیڈول کا اہم حصہ ہے۔
یہ پڑھیں: چیمپئنز آف لیجنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹ سے شکست دیدی
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ریڈ اور وائٹ بال دونوں سیریز کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے۔
گرین برگ نے کہا تھا کہ 2022 میں ہم نے ایک طویل وقفے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا جو بہت کامیاب رہا اور ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گرین شرٹس نے آخری بار وائٹ بال سیریز کے لیے نومبر 2024 میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا، محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان نے 2002 کے بعد آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/QoV2bPq