برطانوی پارلیمنٹ کے 220 ارکان نے وزیراعظم کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کیا جائے۔
برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کانفرنس سے قبل فلسطین کی آزادی کی حمایت کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ برطانوی حکومت اگلے ہفتے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کرے۔
ارکان نے برطانیہ کے تاریخی کردار کے تناظر میں فلسطین کو تسلیم کرنے پر زور دیا ہے۔ برطانوی پارلیمان میں دہائیوں سے دو ریاستی حل پر اتفاق رائے موجود ہے۔
خط میں برطانیہ پر فلسطینی ریاست کی حمایت میں عملی قدم اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطین کو تسلیم کرنا برطانیہ کی اقوام متحدہ میں ذمہ داری ہے۔ 2014 میں ہاؤس آف کامنز فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد منظور کر چکا ہے۔
خط میں ارکان کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست کی حمایت عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کی جائےگی، برطانیہ کی فلسطین کی ریاستی حیثیت کو تسلیم کرنے سے عالمی سطح پر اثر پڑے گا۔ پاکستانی نژاد ممبران پارلیمنٹ نے بھی خط پر دستخط کئے۔
فلسطینی اتھارٹی اور حماس نے صدر ایمانوئل میکرون کے فرانس کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے بھی ایمانوئل میکرون کے اعلان کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے دیگر ممالک بھی اسی سمت میں قدم اٹھائیں گے۔
سعودی عرب اور فرانس اٹھائیس تا انتیس جولائی کو دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کریں گے تاہم امریکا نے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/rPbKCS3