پشاور : خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے باقاعدہ اعلان کے بعد گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں اسپیشل سیکیورٹی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈوائزری کونسل ممبران، چیف سیکرٹری، ایڈوائزر فار ٹرائبل اینڈ ہوم افیئرز کے علاوہ آئی جی پولیس، سینئر پولیس، سی ٹی ڈی آفیشلز اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں کے پی کی سیکیورٹی صورتحال اور ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کونسل اراکین کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آج ایمرجنسی نفاذ کے بعد صوبے میں صورتحال پرامن رہی۔
دہشت گردی کے خلاف پولیس، سی ٹی ڈی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔
اجلاس میں وطن کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے شہداء ان کے اہل خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسل اداروں اور سکیورٹی فورسز کی معاونت کیلئے ہروقت دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت اور عزم و حوصلے کے ساتھ لڑی جائے گی، ایسے میں کے پی کے عوام سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کےپی کے عوام خوارج اور ان کے سہولت کاروں کو مکمل مسترد کرتے ہیں، اجلاس کے اختتام پر گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی اپیکس کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا۔
چیف سیکریٹری کے پی کی تعیناتی
علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے ڈاکٹر محمد فخرعالم عرفان کو چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا تعینات کردیا ہے، ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
سابق چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، وفاقی حکومت نے وزیراعظم آفس میں تعینات ایڈیشنل سیکریٹری محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کردیں، حکومت نے کے پی میں متعدد افسران کو بھی تبدیل کردیا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/NlDypCg