مویشیوں میں منہ کھر اور انتڑیوں کی خطرناک بیماریاں

سیالکوٹ : سیلابی صورتحال کے باعث بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا، محکمہ لائیو اسٹاک نے فارمرز کو اپنے مویشیوں کی بروقت ویکسی نیشن کرانے کی ہدایت کردی۔

محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال نے مون سون اور سیلابی صورتحال کے بعد مویشیوں میں مختلف بیماریوں کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر حفاظتی ویکسی نیشن مہم شروع کردی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹر افضل نے فارمرز کے نام اپنے پیغام میں بتایا کہ تحصیل سمبڑیال میں بڑے جانوروں، بھیڑوں اور بکریوں کو منہ کھر، انتڑیوں کے زہر اور گل گھوٹو جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکے لگانے کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے مویشی پال افراد پر زور دیا کہ وہ اپنے جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے متعلقہ ویٹرنری ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور تمام ضروری ویکسین بروقت لازمی لگوائیں۔

ڈاکٹر افضل کے مطابق رواں سال سیلابی صورتحال کے باعث مویشیوں میں مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ معمول سے زیادہ ہے۔ بارشوں اور سیلاب کے بعد پیدا ہونے والے ناموافق حالات میں جانور مختلف بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں مویشی پال افراد کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے جانوروں کو ممکنہ بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں اور ویکسینیشن کا عمل اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ محکمہ کی بھرپور کوشش ہے کہ بیماریوں کی بروقت روک تھام کرکے مویشیوں کو محفوظ رکھا جائے اور فارمرز کو ممکنہ مالی نقصان سے بچایا جاسکے۔

محکمہ لائیو اسٹاک نے مویشی پالنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ ویکسینیشن مہم میں بھرپور تعاون کریں اور اپنے جانوروں کی صحت سے متعلق کسی بھی تشویش کی صورت میں فوری طور پر قریبی ویٹرنری مرکز یا متعلقہ ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/yJNGOzD

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad