کراچی : پولیس پارٹی نے اپنے ہی اہلکار کو اغوا کر کے رقم لے کر چھوڑ دیا، واقعے کا مقدمہ منگھوپیر تھانے میں درج کرلیا گیا۔
شہر قائد میں پولیس اہلکار کے مبینہ اغوا کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں پولیس پارٹی پر اپنے ہی محکمے کے اہلکار کو اغوا کرکے رقم ہتھیانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کی موبائل نے مبینہ طور پر مددگار میں تعینات اہلکار عباس کو منگھوپیر کے علاقے سے اغوا کیا۔
مذکورہ اہلکار کے اہل خانہ کی مدعیت میں منگھوپیر تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں اے وی ایل سی کے اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے مطابق مغوی پولیس اہلکار کے پاس مبینہ طور پر 23 لاکھ روپے نقد رقم موجود تھی، جو اس واردات کے بعد غائب ہوگئی۔
مقدمے میں پولیس اہلکار کے اغوا کے ساتھ ڈکیتی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے، جبکہ پولیس موبائل کا نمبر بھی مقدمے میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مبینہ طور پر اغوا کیے جانے والا اہلکار مددگار میں تعینات اور ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تعینات ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس اور اہل خانہ تاحال یہ معلوم نہیں کرسکے کہ اہلکار کو کہاں لے جایا گیا، اسے رہا کیا گیا یا نہیں اور اسے کس مقدمے یا کارروائی کے تحت اپنے ساتھ لے جایا گیا تھا۔
منگھوپیر پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ پولیس پارٹی کے خلاف اپنے ہی محکمے کے اہلکار کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کیے جانے کے بعد واقعے کی نوعیت مزید سنگین ہوگئی ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/257vtMc