وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کا احتجاج شرمندگی کا باعث ہے خود ہی ختم کرنے کا اعلان کردیں۔
پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے جس ایشو پر احتجاج شروع کیا وہ 25 میں سے 22 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، ان کے لوگ صبح دفتر اور شام میں دھرنے میں ڈیوٹے دیتے ہیں، دعویٰ سے کہتا ہوں کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا تحفظات دور ہونے تک تعاون نہیں کریں گے لیکن انہوں نے کہا اہم قانون سازی میں تعاون کریں گے اور اس میں اگلے ہی دن تعاون بھی کیا۔
رانا ثنا نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے رابطہ کریں گے ان کی ٹیم سے دو میٹنگ ہوچکیں کل بھی ہوں گی، نیئر بخاری، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز معاملہ فہم لوگ ہیں۔
یہ پڑھیں: جماعت اسلامی نے دھرنوں کا شیڈول جاری کردیا
انہوں نے کہا کہ پی پی وفد کے ساتھ بیٹھ کر ان کے تحفظات ضرور دور کریں گے۔
جے یو آئی سربراہ سے متعلق رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان معاملہ فہم آدمی ہیں وہ کبھی فساد کی سیاست نہیں کرتے، وہ معاملات کو ہمیشہ بہتر سمت میں ترتیب دیتے ہیں اور ان سے یہی امید ہے۔
نئے صوبوں کے سوال پر ن لیگی رہنما نے کہا کہ سندھ کی اکثریتی آبادی تقسیم نہیں چاہتی اور کراچی کو الگ نہیں دیکھنا چاہتی، یہ کہنا غلط ہے کہ پیپلزپارٹی سازش کررہی ہے، نئے صوبوں میں پارلیمنٹ میں بحث ہو، ایک، ایک قدم سیاسی طور پر بڑھایا جائے۔
رانا ثنا نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس پر ٹاک شوز اور تقاریر سے معاملہ خراب ہوگا، معاملہ بڑھا تو بلاول اور زرداری صاحب کو اتنی سمجھ ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے، وہ لوگوں کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے تو اہمیت کھو دیں گے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/ohmxe0P