بھارت کے رئیلٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی سیزن 15‘ میں اسٹنٹ کے دوران کئی اداکار زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حالیہ قسط میں اداکار گورو کھنہ، کرن واہی، وشال آدتیہ سنگھ اور شگن شرما کو چیلنج کا سامنا تھا جس میں ان کی پشت پر مسلسل ربڑ پیلٹس داغے گئے جس کے اختتام پر چاروں اداکار زخمی ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اس چیلنج پر تنقید کی جارہی ہے۔
شو کے میزبان روہت شیٹی نے اس ٹاسک کے قواعد بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں سے دو، دو مقابلہ کرنے والے ایلیمینیشن اسٹنٹ انجام دیں گے۔ شرکا کو پشت شوٹرز کی جانب کرکے کھڑا ہونا تھا اور جب تک پہلے دو مقابلہ کرنے والے اسٹنٹ ادھورا چھوڑنے کا فیصلہ نہ کریں، ان پر ربڑ پیلٹس کی فائرنگ جاری رہنی تھی۔
اگرچہ ان کی ریڑھ کی ہڈی کی حفاظت کے لیے اسپائن پروٹیکٹر دیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود اسٹنٹ خاصا تکلیف دہ ثابت ہوا۔
اس اسٹنٹ سے قبل گورو کھنہ نے کہا تھا کہ یہ گولیاں پیٹھ پر بہت تکلیف دیں گی، لیکن اگر آپ خطروں کے کھلاڑی میں ہیں اور خطرے کا سامنا نہیں کریں گے تو پھر آپ کیسے کھلاڑی ہیں؟ اسٹنٹ کے دوران درد بڑھنے پر گورو کھنہ اور شگن شرما نے بالآخر چیلنج ادھورا چھوڑ دیا۔

شگن شرما شدید تکلیف میں چیخ اٹھیں، جبکہ شو میں موجود جاسمین بھسین نے انہیں مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہیرو بننے کی ضرورت نہیں خود کو زخمی مت کرو۔ اگر تم جاری رکھو گی تو بعد کے ٹاسکس بھی نہیں کر سکو گی۔
بعد ازاں گورو کھنہ نے اپنی کیفیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اب تک صرف میرے گلے میں درد تھا لیکن اب تو پورا جسم درد کر رہا ہے۔
گورو کھنہ کی شیئر کردہ ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے شو کے پروڈیوسرز اور میکرز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ ناظرین کی دلچسپی کے لیے ایسے اسٹنٹس دکھانا مناسب نہیں جن میں شرکا کو غیر ضروری جسمانی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔
بعض افراد نے اس چیلنج کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے شو میں حفاظتی معیارات پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/EUw7HOL