سرحد پار دہشت گردی کے خلاف برداشت کی حد ختم ہوچکی ہے، صدر زرداری

اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سرحد پار سے دہشت گردی کے خلاف برداشت کی حد ختم ہوچکی ہے۔

پاک افغان سرحد پر پاکستان کے حالیہ اقدامات عوام کو سرحد پار سے دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے حق دفاع پر مبنی ہیں۔

اپنے ایک بیان میں صدر زرداری کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ دہشت گردوں کو سہولت دینے کے نتائج دنیا بھر میں بے گناہ شہری بھگتتے ہیں۔ افغانستان میں طالبان رجیم نے ایسے حالات پیدا کر دیے جس پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ افغان رجیم دوحہ معاہدے میں کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ کابل حکومت نے افغان سرزمین دہشت گرد عناصر کے استعمال کیلئے بدستور کھلی رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوحہ معاہدے میں یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی اور افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جانی چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یو این سلامتی کونسل کی حالیہ رپورٹ نے پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی تائید کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ داعش خراسان، ٹی ٹی پی اور القاعدہ سمیت دیگر تنظیمیں افغانستان میں برسرپیکار ہیں۔ بعض گروہوں نے افغانستان کو بیرونی حملوں کی منصوبہ بندی اور تیاری کیلئے استعمال کیا یا بدستور کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی تشخیص سے واضح ہوتا ہے کہ ان کی سرگرمیاں ہمسایہ ممالک، خصوصاً پاکستان کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ پاکستان نے خاصی مدت تک ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا اور اپنی کارروائیاں سرحدی علاقوں میں موجود دہشت گرد ٹھکانوں تک محدود رکھیں۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان جانتا ہے کہ تشدد کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور سرپرست کہاں ہیں۔ اگر پاکستان کے اندر خونریزی جاری رہی تو ذمہ دار عناصر دسترس سے باہر نہیں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔ امن انکار، دوغلے پن یا دہشت گردی کے خلاف عدم اقدام کی بنیاد پر قائم نہیں رہ سکتا۔

صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستانی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/gy4Fhp8

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad