’موسمیاتی دہشتگردی کسی بھی دوسری دہشتگردی سے زیادہ خطرناک ہے‘

لاہور (8 فروری 2026): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات کا سامنا ہے، موسمیاتی دہشتگردی کسی بھی دوسری دہشتگردی سے زیادہ خطرناک ہے۔

اے پی پی کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ملک میں آنے والے سیلابوں میں 6 ہزار سے زائد افراد جاں بحق، 19 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے 4 کروڑ پاکستانی سیلاب کے باعث بے گھر ہوئے جن میں 50 فیصد بچے بھی شامل ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ حالیہ سیلابوں سے جہاں انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا وہیں تعلیمی نظام کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان ہوا ہے، ہزاروں اسکول تباہ ہوگئے ہیں 2 کروڑ بچے اسکول سے محروم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کو نئی قسم کی دہشتگردی قرار دے دیا گیا ہے، ایک سیلاب ملکی ترقی کی رفتار ختم کر دیتا ہے، ایک بڑے سیلاب سے قومی معیشت کو جی ڈی پی کے 9.8 فیصد کے برابر نقصان ہوا ہے، پاکستان کی سالانہ معاشی نمو 3 سے 4 فیصد پر آگئی، چھوٹے کسانوں کی فصلیں تباہ، بیج اور کھاد تک رسائی ختم ہو چکی ہے۔

’سیلاب کی تباہیوں کی بدولت لاکھوں خاندان دوبارہ غربت میں دھکیل دیے گئے ہیں۔ زمین پر درجہ حرارت میں اضافے سے گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، گلیشیئر پگھلنے سے شدید سیلابوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، دنیا کے 10 بڑے کاربن اخراج کرنے والے ممالک 70 سے 75 فیصد آلودگی کے ذمہ دار ہیں جبکہ خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں۔

’حیران کن انکشاف ہے کہ یہی 10 ممالک دنیا کی صرف 8 فیصد گرین فنانسنگ حاصل کر رہے ہیں۔ بڑے آلودگی پھیلانے والے ممالک خود بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں جبکہ متاثرہ ممالک محروم ہیں۔ ترقی پذیر ممالک کو گرین بزنس نہ کرنے پر برآمدات بند کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، یورپی منڈیوں تک رسائی کو گرین اسٹیمپنگ سے مشروط کر دیا گیا ہے۔‘

مصدق ملک نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے کاربن اخراج کرنے والے ممالک خود پیسے رکھ رہے ہیں اور دوسروں پر پابندیاں لگا رہے ہیں، عالمی سطح پر نئی صنعتی پالیسی کا نفاذ شروع ہونے جا رہا ہے، طاقتور ممالک کی اصل پالیسی سامنے آگئی ہیں اور عالمی کلائمیٹ سیاست کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، موسمیاتی انصاف کا مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑنے لگا ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/rHsFy54
Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad