واشنگٹن (6 فروری 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے سابق صدر براک اوباما اور سابق خاتون اوّل مشعل اوباما کی تضحیک آمیز ویڈیو شیئر کر دی گئی۔
ٹروتھ سوشل پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ سے براک اوباما اور مشعل کی تضحیک آمیز ویڈیو شیئر کی گئی۔ اے آئی سے بنی ویڈیو میں دونوں کو ناچتے ہوئے بندروں کے طور پر دکھایا گیا۔
اس پوسٹ کو سیاسی شخصیات کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جن میں ریپبلکن سینیٹر ٹم اسکاٹ بھی شامل ہیں جو ٹرمپ کے اتحادی ہیں اور سیاہ فام ہیں۔
ویڈیو پر شدید تنقید کے بعد وائٹ ہاؤس کا بیان سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ سابق صدر اور ان کی اہلیہ پر مبنی اے آئی ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اوباما کو کچھ نہ کرنے پر بھی نوبل امن انعام ملا، میں نے 8 جنگیں ختم کروائی ہیں: ٹرمپ
وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وائٹ ہاؤس کے ایک عملے نے غلطی سے یہ پوسٹ کر دی تھی، اب اسے ہٹا دیا گیا ہے۔
تاہم پوسٹ حذف ہونے سے قبل وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے کہا تھا کہ یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر موجود ایک میم تھی جس میں صدر ٹرمپ کو جنگل کا بادشاہ اور ڈیموکریٹس کو لائن کنگ کے کرداروں کے طور پر دکھایا گیا تھا۔
اوباما فیملی کے ترجمان نے اس معاملے پر اب کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے پہلے بھی اس طرح کی تضحیک آمیز ویڈیوز شیئر کرتے رہے ہیں جن میں سے ایک یہ تھی کہ براک اوباما امریکا میں پیدا نہیں ہوئے تھے۔
گزشتہ دسمبر میں امریکی صدر نے صومالیوں کو کچرا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ملک سے نکال دینا چاہیے۔ وہ ماضی میں دیگر ترقی پذیر ممالک کیلیے بھی انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کر چکے ہیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/lKzEHw9