لاہور (20 دسمبر 2025): پاکستانی یوٹیوبر سعدالرحمان المعروف ڈکی بھائی کو اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر عدالت میں جواب دینا پڑ گیا۔
لاہور کی ضلع کچہری میں جوئے ایپس کی پروموشن کے کیس میں ڈکی بھائی کی سامان سپرداری کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر یوٹیوبر خود پیش ہوئے۔
عدالت نے کہا کہ این سی سی آئی اے کو 19 چیزوں کی سپرداری پر اعتراض نہیں ہے۔ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ڈکی بھائی کے 3 موبائل اور لیپ ٹاپ کی فرانزک ہو رہی ہے جبکہ یوٹیوب چینل کی رسائی نہیں دی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈکی بھائی کا رہائی کے بعد پہلا ویڈیو بیان
عدالت نے کہا کہ یہ یوٹیوب چینل اب آپ کا نہیں ہے بلاک کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ڈکی بھائی نے یوٹیوب چینل پر 3 ویڈیوز اپلوڈ کی ہیں۔ اس پر یوٹیوبر نے وضاحت دی کہ میں نے جتنی بھی ویڈیوز لگائیں ان پر کوئی پیسے نہیں آئے۔
اس پر عدالت نے ریماکس دیے کہ سوال یہ ہے کہ ویڈیوز اپلوڈ کیوں کیں، یہ آپ کی پراپرٹی نہیں ہے۔
درخواست پر سماعت 22 دسمبر 2025 تک ملتوی کر دی گئی۔
واضح رہے کہ جوئے ایپس کی پروموشن کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد ڈکی بھائی نے دوبارہ یوٹیوب پر واپسی کی اور وی لاگز اپ لوڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔
سعدالرحمان کی رہائی کے بعد پہلے وی لاگ پر ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد ویوز نے صارفین کو حیران کیا۔ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں ہوئیں کہ انہوں نے ایک ہی وی لاگ سے کروڑوں روپے کما کر اپنا نقصان پورا کر لیا۔
تاہم اس حوالے سے یوٹیوبر نے اپنے تازہ وی لاگ میں چینل اور آمدن سے متعلق اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت انہیں اپنے ہی یوٹیوب چینل تک مکمل رسائی حاصل نہیں ملی ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/gjhnT17