اینڈرائیڈ اسمارٹ فون میں خود بخود تبدیلیاں، وجہ کیا ہے؟ جانیے (ویڈیو)

کراچی (25 اگست 2025): حال ہی میں انڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں جس سے صارفین پریشان ہیں وجہ کیا جانیے اس خبر میں۔

اس وقت ہر تیسرے شخص کے پاس انڈرائیڈ اسمارٹ فون ہے۔ تو اگر آپ بھی انڈرائیڈ اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو یقیناً گزشتہ دنوں کچھ ایسی تبدیلیاں دیکھی ہوں گی جو خود بخود رونما ہوئیں اور وہ بھی آپ سے پوچھے بغیر۔

ایکس سمیت کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستان اور انڈیا سمیت دنیا بھر کے صارفین نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ان کے انڈرائیڈ اسمارٹ فونز کی سیٹنگز خود بخود بدل گئی ہیں۔ جیسے اب کال ملاتے یا وصول کرتے ہوئے فون کا انٹرفیس یعنی ڈسپلے اور ڈیزائن ویسا نہیں جس کے وہ عادی ہیں۔

ایک طرف اس تبدیلی نے بہت سے لوگوں کو شکوک و شبہات میں مبتلا کیا تو دوسری طرف کئی صارفین یہ سوال کرتے دکھائی دیے کہ ان کی اجازت کے بغیر ان کی سیٹنگز خود بخود کیسے بدل سکتی ہیں؟

یہ کیوں ہوا اور اس سے صارف کی پرائیویسی کتنی متاثر ہوئی؟ اس حوالے سے آئی ٹی ایکسپرٹ کنول چیمہ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں سیر حاصل گفگو کرتے ہوئے اس کی وجوہات بتائیں۔

کنول چیمہ نے کہا کہ گوگل نے پورا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کیا ہے اور کمپنیاں صارف دوست بنانے کے لیے ایسی تبدیلیاں کرتی رہتی ہیں۔ ایسا پہلے بھی ہوتا رہا ہے، لیکن صارفین نے اس لیے محسوس نہیں کیا کہ اس میں زیادہ تبدیلیاں نہیں ہوئیں جب کہ اس بار سافٹ ویئر کی لُک اینڈ فیل میں بہت زیادہ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

آئی ٹی ایکسپرٹ نے بتایا کہ جن کا موبائل فون آٹو اپ ڈیٹ پر لگا ہے، اس پر سافٹ ویئر خودبخود اپ ڈیٹ ہو گیا جب کہ جن کے موبائل فونز پر آٹو اپ ڈیٹ نہیں لگا، انہیں نوٹس بھیجا گیا اور اجازت لی گئی۔ تاہم اگر کسی کو اپنے موبائل فون کی پرانی لُک پسند ہے تو وہ سیٹنگ میں جا کر گو بیک ٹو اولڈ میں کلک کر کے پرانی سیٹنگ بحال کر سکتا ہے۔

کنول چیمہ نے صارفین کے ان خدشات کی بھی نفی کی کہ اس سے ان کی پرائیویسی متاثر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سافٹ ویئر کمپنی اپ ڈیٹ کے وقت کسی بھی صارف کے فون کا کانٹینٹ نہیں دیکھ سکتی اور نہ ان کے پاس جاتا ہے۔

انہوں نے اس اپ ڈیٹ سے فون کی کارکردگی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ زیادہ تر اپ ڈیٹ فون کی بیٹری کو بہتر کرتے ہیں لیکن کچھ اپ ڈیٹ میں بہت زیادہ فیچرز ہوتے ہیں تو بہت زیادہ پرانے موبائل فون پر اس کا اثر پڑتا ہے۔ بیٹری کارکردگی متاثر اور فون سست ہو جاتے ہیں۔

 



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/jKhztIM
Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad