کراچی کے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر اور موٹرسائیکل حادثے کی فوٹیج سامنے آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بائیک سوار بائیں سے اچانک دائیں ہو گیا، بائیک اچانک اچھلی اور سلپ ہو کر ڈمپر کے نیچے آگئی۔
ٹریفک پولیس کے اینالائز یونٹ نے ابتدائی رپورٹ تیار کر لی جس میں کہا گیا ہے کہ حادثے سے قبل موٹرسائیکل سلپ ہوئی تھی، ممکنہ طور پر بائیک ساتھ چلنے والی گاڑی سے ہلکی سی ٹکرائی، بوندا باندی بھی ہو رہی تھی جس سے سڑک گیلی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مزید فوٹیجز حاصل کر کے ساتھ والی گاڑی کا نمبر بھی حاصل کیا جائے گا، توازن برقرار نہ رہنے کے باعث بہن بھائی موٹرسائیکل سے گر گئے اور پیچھے سے آتا ہوا تیزرفتار ڈمپر بہن بھائیوں کو کچلتا ہوا نکل گیا۔
حادثے کے وقت ڈمپر خالی اور فاسٹ ٹریک پر تیز رفتاری سے جارہا تھا۔
راشد منہاس روڈ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے چچا ذاکر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا بھائی شاکر (جاں بحق بچوں کا باپ) جناح اسپتال میں ایڈمٹ ہے، اور ان کے دماغ میں شدید چوٹیں آئی ہیں، وہ کپڑے کا کام کرتے ہیں۔
چچا ذاکر کے مطابق متاثرہ فیملی ملیر سے واپس گھر جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا، اور جاں بحق ماہ نور کی اگلے ماہ شادی تھی، ہم بچی کا جہیز جمع کر رہے تھے، لوگ صبر کا کہتے ہیں کہاں سے لائیں صبر، کیسے کریں صبر۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/dV45gns