بھارت میں شوہر نے بے وفا بیوی سے خرچہ لینے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
بھارتی ریاست اترپردیش کی سب ڈویژنل مجسٹریٹ جیوتی موریہ کے شوہر آلوک موریہ نے اب آلہ آباد ہائیکورٹ میں پٹٰشن دائر کی ہے کہ وہ انہیں بیوی سے خرچہ دلوائے۔
یہ معاملہ پہلے بھی ملک بھر میں سوشل میڈیا پر ’جیوتی موریا بے وفا ہے‘ کے نام سے ٹرینڈ بن گیا تھا۔
جیوتی موریہ بریلی میں ایس ڈی ایم کے طور پر تعینات ہیں، انہوں نے 2015 میں اترپردیش پبلک سروس کمیشن کا امتحان 16ویں رینک کے ساتھ پاس کیا، شوہر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جیوتی کی تعلیم میں مالی مدد کی مگر افسر بننے کے بعد جیوتی نے انہیں چھوڑ دیا۔
آلوک نے کہا کہ جیوتی کا تعلق ہوم گارڈ کمانڈنٹ منیشن دوبے سے ہے اور انہوں نے دونوں کو ایک ہوٹل سے باہر آتے ہوئے دیکھا، جیوتی اور منیش نے ان کے قتل کی سازش بھی کی اور ان کے پاس واٹس ایپ چیٹس کے ثبوت بھی ہیں۔
شوہر نے شکایت پریاگ راج کے دھومنگنج تھانے میں جان کو خطرہ ہونے کے حوالے سے بھی درج کروائی۔
دوسری جانب جیوتی نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آلوک نے شادی سے قبل اپنی ملازمت کے بارے میں جھوٹ بولا تھا اور خود کو گرام پنچایت افسر ظاہر کیا تھا حالانکہ وہ صفائی ملازم تھے۔ ان کے والد نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے آلوک کے خاندان کو ’بددیانت‘ قرار دیا۔
جیوتی کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ چیٹس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر اور ایڈٹ کرکے وائرل کیا گیا ہے اور انہوں نے آئی ٹی ایکٹ کے تحت اپنے شوہر کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جیوتی موریہ کے خلاف شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں ’بے وفا ایس ڈی ایم‘ جیسے القابات ٹرینڈ کرنے لگے۔ یہاں تک کہ ایک بھوجپوری گانا بھی ریلیز ہوا جس میں جیوتی کو نشانہ بنایا گیا۔ جیوتی نے اس صورتحال کو ’بدقسمتی‘ قرار دیا اور کہا کہ صرف ایک پہلو عوام کے سامنے لایا جا رہا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/5HRnCJm