بجلی کی قیمت کم، پیٹرول پر لیوی ختم کرو، مزید ٹیکس نہیں دیں گے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی قیمت کم اور پیٹرول پر لیوی ختم کیا جائے، ہم مزید ٹیکس نہیں دیں گے دھرنا مطالبات ماننے پر ہی ختم ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے راولپنڈی میں 3 روز سے جاری دھرنے سے خطاب میں کہا کہ یہ دھرنا پاکستان کی تاریخ کو تبدیل کر دے گا، دھرنا دینے اور سڑکوں پر بیٹھنے کا شوق نہیں لیکن ملک کے مستقبل کیلیے آئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اس حکومت کو ہم گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے، بیرونی طاقتیں چاہتی ہیں کہ لوگ پاکستان کے مستقبل سے مایوس ہو جائیں لیکن یہ دھرنا امید کے چراغ جلا رہا ہے پورے پاکستان کو جوڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پر اشرافیہ مسلط ہے اس کے خلاف جدوجہد کریں گے، پاکستان حقیقی طور پر جاگیرداروں سے آزاد ہوگا، وہ لوگ جو ہمارے بچوں کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں ان کو شکست دیں گے، پاکستان کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 1994 سے پاکستان پیپلز پارٹی نے آئی پی پیز کا دھندہ شروع کیا اور اس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے اس دھندے میں اضافہ کیا، حکومت والے ہم سے ایسے مذاکرات کر رہے ہیں جیسے ان کو کچھ پتا ہی نہیں، آئی پی پیز کے نام پر کچھ لوگ ہزاروں روپے ہڑپ کر کے معیشت کو تباہ کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ ظلم کا نظام اب ختم کرنا ہوگا اپنے حق کیلیے اٹھنا پڑے گا، مزاحمت کرنا پڑے گی اس دھرنے سے نئی جدوجہد کا آغاز ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ صرف یہ نہیں کہ بجلی کی قیمت کم ہوگی تو معاملہ ختم ہو جائے گا، ان سب کو 1300 سی سی گاڑی پر آنا پڑے گا، اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلیے تحریک کا آغاز ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے کسی بیوروکریٹ کو فری بجلی نہیں ملتی دراصل یہ جھوٹ بولتے ہیں، کیا ان کو فری پیٹرول نہیں ملتا؟ ان کی گاڑیاں بھی چھوٹی کروائیں گے اور فری پیٹرول بھی ختم کریں گے، مطالبات کی منظوری تک دھرنے کو جاری رکھنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ تحریک رکنے والی نہیں ابھی تو دھرنے کا اعلان کیا ہے، ابھی تو ہڑتال کا آپشن باقی ہے، ہڑتال ہوگی تو کسان، تاجر اور مزدور سب باہر نکلیں گے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/BDpFuOd
Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad