راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 4 خارجی دہشتگرد مارے گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور ہلاک خارجی دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک خارجی دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، شر پسند فورسز پر حملوں اور شہریوں کے اغوا اور قتل میں ملوث تھے۔
ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی پر علاقے میں سرچ آپریشن جاری رہا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں۔
گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد رزاق مارا گیا تھا۔ ہلاک دہشتگرد گل بہادر کا قریبی ساتھی تھا اور فقیر آف ایپی کے پوتے ملک شیر محمد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔
دہشتگرد 16 مارچ 2024 کو شمالی وزیرستان خودکش حملے کا سہولت کار بھی تھا جس میں 7 جوان شہید ہوئے تھے۔ شر پسند کو ہلاک کرنے کے بعد علاقے میں دہشتگردوں کی مبینہ موجودگی کے خلاف سرچ آپریشن جاری رہا تھا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/maq1pEd