بالی ووڈ اداکار شریاس تلپڑے اور کاجل اگروال کی فلم ’دی انڈیا اسٹوری‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ’دی انڈیا اسٹوری: سلو پوائزن ان پروگریس‘ کا ٹریلر جاری کیا گیا ہے جس میں کیڑے مار ادویات کے ذریعے کی جانے والی کھیتی باڑی اور معاشرے پر اس کے اثرات کے گرد گھومتی کہانی بیان کی گئی ہے۔
ٹریلر میں دکھایا گیا کہ شریاس اور کاجل کی بیٹی کی موت اسی وجہ سے ہوتی ہے جس پر وہ عدالت کا رخ کرتے ہیں۔
عدالتی ڈرامے، سماجی تبصرے اور جذباتی کشمکش کے امتزاج کے ساتھ یہ فلم ایک ایسے مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتی ہے جسے اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
ڈائریکٹر چیتن ڈی کے نے کہا کہ دی انڈیا اسٹوری محض ایک فلم نہیں ہے یہ ایک ایسی گفتگو ہے جو ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔ اس کہانی کے ذریعے ہم ایک ایسے مسئلے پر روشنی ڈالنا چاہتے تھے جو خاموشی سے ہر گھر کو متاثر کر رہا ہے۔
کاجل اگروال نے کہا کہ دی انڈیا اسٹوری کا حصہ بننا میرے لیے ایک ناقابل یقین حد تک معنی خیز تجربہ رہا ہے۔
شریاس تلپڑے نے کہا کہ یہ عام آدمی کی ایک غیر معمولی چیلنج کے خلاف لڑائی کی کہانی ہے جو امید اور پختہ ارادے سے جڑی ہے، مجھے یقین ہے کہ ناظرین اس کے جذبات اور پیغام سے خود کو جوڑ پائیں گے اور میں 24 جولائی کو تھیٹرز میں اس فلم کے تجربے کے لیے بے حد پرجوش ہوں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/NCrRTPh