راولپنڈی (2 جون 2026): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 10 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے اور وفاقی بجٹ کی منظوری میں رکاوٹ بننے کی دھمکی دے دی۔
اڈیالہ جیل سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی تو 10 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے اور وفاقی بجٹ بھی پاس نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے مطالبہ کیا کہ صوبے کا بجٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خواہشات کے مطابق بنے، لہٰذا بجٹ اپروول کیلیے ان سے میری اور وزیر خزانہ کی ملاقات کروائی جائے، ملاقات کی اجازت کیلیے کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کرنے جا رہے ہیں، امید ہے اس دفعہ ہمیں اجازت دی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ آج بھی عمران خان کی ان کی فیملی سے ملاقات نہیں ہونے دی گئی، بانی پی ٹی آئی نے کوئی جرم نہیں کیا بلکہ ان کو اغوا کر کے ناحق قید رکھا گیا ہے، پنجاب حکومت اور اڈیالہ جیل انتظامیہ کی وجہ سے سابق وزیر اعظم کی آنکھ میں مسئلہ ہوا، عوام میں تشویش ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتیں کیوں بند کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 50 سے زائد ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کیخلاف گروپ بنا لیا
انہوں نے مزید کہا کہ کے پی سے امتیازی سلوک کیوں کیا جا رہا ہے، عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ کوئی غلط ڈیمانڈ نہیں، صوبے میں عوام نے بانی پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے لہٰذا ان کا حق ہے کہ بجٹ ان کی مرضی کے مطابق ہو۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کے پی کا وزیر اعلیٰ صرف عمران خان تبدیل کر سکتے ہیں کسی اور میں جرات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے کہنے پر ہوئی تھی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بجٹ میں عمران خان کی ہدایات شامل کی گئیں سوشل ویلفیئر تعلیم اور صحت شامل ہے، کرپشن کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں، کوئی بھی ثبوت لائیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/sl2V7xu