اسلام آباد (21 مارچ 2026): ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ اے آر وائی نیوز کی جانب سے قوم کو عیدالفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔
ملک کے تمام شہروں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے شریک ہو کر امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوش حالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
عید الفطر کے موقع پر شہری نئے کپڑے پہن کر اور خوشبو لگا کر سنتِ رسول کی پیروی کرتے ہوئے نماز کے مقامات پر پہنچے، جہاں نماز کے بعد انھوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارک باد دی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الفطر کی مرکزی نماز فیصل مسجد میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی جب کہ لاہور کی بادشاہی مسجد میں اور کراچی کی مختلف مساجد میں عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں نماز عید ادا کی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے نماز عید زرداری ہاؤس نوابشاہ میں ادا کی، صدر زرداری نے ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعائیں کیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں نماز عید ادا کی، نماز عید کی ادائیگی کے بعد بلاول بھٹو زرداری شہریوں سے گھل مل گئے، عید ملے اور مصافحہ بھی کیا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/BEXoxtV