وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد سے پہلے ساہیوال کےلئے الیکٹرک بس کا تحفہ لیکر آئی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ساہیوال میں الیکٹرک بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ساہیوال ڈویژن کےلئے 62 اور ساہیوال شہر کو 30 بسیں دینے کا اعلان کیا، انھوں نے الیکٹرک بس میں خواتین، طلبہ اور بزرگوں اور اسپیشل افراد کےلئے مفت سفر کا بھی اعلان کیا۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے ساہیوال والوں کو میری طرف سے پیار اور محبت کا پیغام دینے کا کہا تھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد سے پہلے ساہیوال کےلئے الیکٹرک بس کا تحفہ لیکر آئی ہوں، الیکٹرو بس میں طلبہ، خواتین اور بزرگ حضرات باعزت اور محفوظ سفر کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چھوٹے شہر میں الیکٹرک بسیں ملنے پر عوام عید کی طرح خوشیاں منارہے ہیں، میانوالی، وزیرآباد، سرگودھا اور اب ساہیوال میں الیکٹرو بس آنے پر جشن کا سماں ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرک بس پر سفر کرنے پر 20 کرایہ مقرر کیا گیا ہے، عوام ٹوٹی پھوٹی اور خطرناک گاڑیوں کی بجائے عوام اب ایئر کنڈیشنڈ بس پر کم کرائے میں سفرکریں گے۔
انھوں نے کہا کہ الیکٹرو بس میں اسپیشل افراد کےلئے خصوصی ریمپ بنائے گئے، بزرگ، خواتین، طلبہ اور اسپیشل افراد الیکٹرو بس پر مفت سفر کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بس میں خواتین کے لئے الگ کمپارٹمنٹ ہیں اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں، الیکٹرو بس میں فری وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے۔
انھوں نے کہا کہ سینکڑوں بسوں کو چین سے کراچی بندر گاہ اور پھر شہروں میں پہنچانا بڑا کام ہے، ٹرانسپورٹ کے وزیر، سیکریٹری کو شاباش اور مبارکباد دیتی ہوں، الیکٹرو بس میں سفر کے دوران سینکڑوں نوجوان، بچے، خواتین اور بزرگ نواز شریف زندہ آباد کے نعرے لگارہے تھے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ساہیوال نواز شریف سے پیار کرتا ہے اور محمد نواز شریف ساہیوال سے پیار کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے ہر دکھ، تکلیف، خوشی میں برابر کی شریک ہے، الیکٹرک بسیں یورپی ممالک سے کسی طرح کم نہیں ہیں، الیکٹرک بسوں کا یہ تحفہ ساہیوال والوں آپ کو بہت بہت مبارک ہو۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے پورے پنجاب میں موٹرویز اور ایکسپریس وے کے جال بچھائی، پنجاب میں پہلی اورنج لائن، میٹرو بس، موٹروے اور ایکسپریس وے بھی نواز شریف لائے اور ایٹمی دھماکے بھی کرائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوجرانوالہ، فیصل آباد میں میٹرو بس اور ساہیوال میں الیکٹرو بس بھی نواز شریف لے کر آئے، پنجاب میں صفائی کا عمدہ کام کرنے پر ستھرا پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوست ہے، حرمین شریفین اور مسجد نبویﷺ ہمارے لئے مقدس مقامات ہیں، پاکستان اللہ تعالی کے فضل و کرم سے محافظ الحرمین شریفین کا درجہ حاصل کر چکا ہے۔
مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو دھول چٹانے پر نواز شریف ،شہباز شریف اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، سیلاب آنے سے پہلے ہم تیار تھے، حکومت، ایڈمنسٹریشن، تمام وزرا اور آپ کی چیف منسٹر جاگ رہی تھی، سیلاب زدہ علاقوں سے 28ملین افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Y60j2He