دریائے چناب، ستلج، راوی میں سیلابی صورتحال، ادارے ہائی الرٹ

دریائے چناب، ستلج، راوی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزرا کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو سیلاب متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کرنے، امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے اور اپنے متعلقہ حلقوں میں جانے کی ہدایت کر دی، ساتھ ہی شہریوں کا انخلا، ریسکیو و ریلیف کی سرگرمیوں کی خود نگرانی کرنےکی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر رہیں متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچائیں، امدادی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور ادارے آپس روابط بڑھائیں، دریائی گزر گاہوں کے کنارے آباد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

وزیراطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ ہیڈمرالہ کے مقام پر اونچے درجےکا سیلاب ہے جب کہ دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح بلند ہے، ہیڈمرالہ کے مقام پر اس وقت ساڑھے 4 لاکھ کیوسک پانی کی آمد ہے خدشہ ہے کہ ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 7 لاکھ کیوسک تک جاسکتی ہے۔

عطاتارڑ نے کہا کہ دریا کے اردگرد کے علاقوں کو خالی کرایا جا رہا ہے، مرالہ، خانکی، قادرآباد کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے الرٹ جاری کر دیا ہے، دریائے راوی کےاطراف کےعلاقوں کوخالی کرایا جا رہا ہے، این ڈی ایم اے کی جانب سے فلڈالرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ نارووال میں شکرگڑھ، لاہور میں شاہدرہ اور شالیمار میں سیلاب کا خطرہ ہے، شیخوپورہ میں فیروزوالا، اوکاڑہ تحصیل، دیپالپور میں، ساہیوال اور چیچہ وطنی میں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کمالیہ اور گولڑہ کے مقام پر، فیصل آباد میں تاندلیانوالہ اور سمندری، جھنگ میں شورکوٹ اور احمد پور سیال، قصور، پتوکی، چونیاں، کوٹ رادھاکشن میں سیلاب کاخطرہ ہے۔

پاکپتن، عارف والا، بورے والا، میلسی، سیالکوٹ شہر، ڈسکہ، سمبڑیال، گجرات اور کھاریاں میں سیلاب کاخطرہ ہے، گجرانوالہ میں وزیرآباد، حافظ آباد تحصیل اور پنڈی بھٹیاں، منڈی بہاالدین، پھالیہ، چنیوٹ تحصیل اور لالیاں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ تحصیل کی سطح پر ڈی سیز سمیت متعلقہ حکام کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

بھارت نے دریائے راوی پر قائم تھین ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے، دریائے چناب میں بھی پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ بھارت نے دریائے راوی پر قائم تھین ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے، کوٹ نیناں سے پاکستانی حدود میں 2لاکھ 10 ہزار کیوسک پانی دریائے راوی میں داخل ہوگیا، آئندہ 24گھنٹے میں کوٹ نیناں کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔

آئندہ 48 گھنٹے میں جسڑ شاہدرہ اور ہیڈ بلوکی سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب گزرےگا، کمشنر لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

پی ڈی ایم اے ترجمان نے کہا کہ دریائے راوی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

سیالکوٹ میں 350 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد شہر کی گلیاں اور محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔

فلڈ کنٹرول روم کے مطابق سیالکوٹ میں 355 ملی میٹر کے قریب برسات ہوئی، شہر میں اتنی زیادہ بارش کے بعد معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوچکے ہیں، سیالکوٹ میں بیشتر بجلی کے فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Mv7TyI4
Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad