بھارت کی ریاست گجرات کے شہر انکلیشور میں نجی کمپنی کی پانچ خالی آسامیوں کیلیے ایک ہزار سے زائد امیدوار انٹرویو دینے دفتر پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں نوجوان انٹرویو دینے نجی کمپنی کے دفتر پہنچے جہاں بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔
مذکورہ ویڈیو کو بھارت میں بے روزگاری کی شرح میں اضافے کے ثبوت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں امیدواروں کو ایک دوسرے کو دھکیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
نجی کمپنی کے دفتر کا مرکزی دروازہ کھلتے ہی امیدوار ٹوٹ پڑے جس کے باعث بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوئی اور سیڑھیوں کے اطراف لگا ریلنگ ٹوٹ کر گر گیا۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے مذکورہ ویڈیو کو اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے شیئر کیا اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پر سخت تنقید کی۔
راہول گاندھی نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ملک میں بے روزگاری کی بیماری ایک وبا کی شکل اختیار کر چکی ہے، جن ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومتیں ہیں وہ اس بیماری کا مرکز ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید لکھا کہ یہ قطاروں میں کھڑا ملک کا مستقبل نریندر مودی کے امرت کال کی حقیقت ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/asupJnP