بھارت میں منعقدہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں جنوبی افریقی بیٹرز کی شعلہ فشانی نے اسے شائقین کے لیے یادگار بنادیا ہے۔
پروٹیز بیٹرز نے عالمی کپ میں اب تک کھیلے جانے والے میچز میں جس پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل دید ہے۔ ٹورنامنٹ کے تینوں ٹاپ اسکور جنوبی افریقی سائیڈ نے بنائے ہیں اور اس پر کپتان ایڈن مارکرم بھی نازاں نظر آتے ہیں۔
جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے خلاف 428، انگلینڈ کے مدمقابل 399 اور بنگلہ دیش کے خلاف 382 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹیم دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
مارکرم نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں یہ واضح ہے کہ بیٹنگ کے دوران آپ کے پاس وکٹیں موجود ہونی چاہئیں مگر ہم اس حوالے سے زیادہ منصوبہ بندی نہیں کرتے۔
انھوں نے کہا کہ کسی کو کوئی خاص کردار نہیں دیا گیا، لیکن ہر کوئی جانتا ہے کہ اس بیٹنگ یونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے اسے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔
جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ آپ پچ پر موجود رہ کر کھیلیں نہ کہ اسکور بورڈ پر نظریں جمائی اور بالکل ویسا ہی کھیلیں جیسا آپ کو بہتر لگ رہا ہے۔
اوپنر کوئنٹن ڈی کاک، جو ٹورنامنٹ کے اختتام پر ون ڈے انٹرنیشنلز سے ریٹائر ہو جائیں گے، پانچ میچوں میں تین سنچریاں بنا چکے ہیں اور وہ 81.40 کی اوسط سے 407 رنز بناکر ٹورنامنٹ میں ٹاپ اسکورر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم سب کوئنٹن کو ایک آزاد مزاج شخص کے طور پر جانتے ہیں، لیکن حقیقت میں کرکٹ کے حوالے سے انکا دماغ شاندار ہے۔ وہ حالات کا بہت اچھی طرح سے جائزہ لیتے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے اپنے پانچ میں سے چار میچوں میں پہلے بیٹنگ کی ہے اور تمام میں فتح حاصل کی ہے۔ صرف ہالینڈ کے ہاتھوں انھیں 38 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/r6vyHzO