موٹروے پر نجی کمپنی کی بسوں کیلیے مزید سخت اقدامات کا فیصلہ

لاہور اسلام آباد موٹروے پر کلر کہار کے قریب مسافر بس کو خوفناک حادثہ پیش آنے کے بعد موٹروے پولیس نے مزید سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق موٹروے پولیس نے لاہور جانے والی تمام بسوں کو ٹائم کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ بسوں کی اسپیڈ چیکنگ کیمروں کی مدد سے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔

کلر کہار کے آغاز سے قبل بسوں کے گروپ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ لاہور کی جانب سفر کرنے والی ہیوی ٹریفک کا آن لائن ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔

گاڑیوں میں سیفٹی آلات، ہنگامی اخراج اور الیکٹرانک آلات سیفٹی لازمی چیک کی جائے گی۔ معیار پر پورا نہ اترنے والی بسوں کو جرمانے کے بعد ٹول پلازہ سے آؤٹ کر دیا جائے گا۔ بسوں کے فٹنس پاسنگ، روٹ پرمٹ اور ڈرائیور کا لائسنس لازمی چیک کیا جائے گا۔

گزشتہ روز لاہور اسلام آباد موٹروے پر کلر کہار کے قریب مسافر بس کو خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوئے تھے۔

بس ایم 2 کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی کہ اچانک بریک فیل ہونے سے اسے حادثہ پیش آگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔

بعد ازاں بس کو حادثہ پیش آنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی جس میں تیز رفتار بس کو حفاظتی دیوار توڑ کر الٹتے دیکھا گیا۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/X0k1lmH
Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad