
کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، آئے دن مزاحمت پر شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجربازار میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دو خواتین کو زخمی کردیا، فائرنگ سے زخمی ہونے والی ماں بیٹی کار میں سوار تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار2ملزمان نے دوران ڈکیتی فائرنگ کی، خواتین کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ہم سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی تھی۔
اس دوران خواتین نے موبائل فون سڑک پر پھینکا تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی، جائے وقوعہ سے30بور اور نائن ایم ایم کے4خول ملے ہیں۔ زخمی ماں بیٹی کو ایک ہی گولی لگی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والی خواتین کو ابتدائی امداد کیلئے اسپتال روانہ کردیا گیا، واقعے کی تفتیش جاری ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/pxSPRoe