لکی مروت: خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں نے دستی بموں اور راکٹوں سے حملہ کر کے 4 پولیس اہل کاروں کو شہید کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں رات گئے تھانہ برگئی پر دستی بموں اور راکٹ لانچرز سے لیس دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس میں 4 پولیس اہل کار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے تھانے پر دو اطراف سے حملہ کیا، اہل کار دہشت گردوں کے حملہ کا جواب دیتے ہوئے شہید ہوئے، حملہ ہوتے ہی پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
حملے کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے، جنھیں پکڑنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
لکی مروت میں تھانے پر حملے میں شہید ہونے والے اہل کاروں میں کانسٹیبل ابراہیم، عمران، خیر الرحمٰن اور سبز علی شامل ہیں، جب کہ زخمی اہل کاروں میں اے ایس آئی گل خان، کانسٹیبل بلقیاز، امیر نواز اور فرمان اللّٰہ شامل ہیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/e0Oi4Gk